اسلام آباد: حکومت نے اگلے پندرہ دن تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم سے 15 دسمبر 2022 تک ڈیزل 235.30 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ موسم سرما کے باعث مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی لیٹر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے پندرہ دن تک مٹی کا تیل 181 روپے 83 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل 179 روپے فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 15 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔